بنگلورو،23اپریل(ایس او نیوز؍یواین آئی)کرناٹک لوک آیوکتہ وشواناتھ شٹی جن پر 7؍مارچ کو ان کے چیمبر میں حملہ آور کی جانب سے چاقو سے حملہ کرتے ہوئے زخمی کردیا گیا تھا، اسپتال میں علاج کے بعد آج خدمات سے رجوع ہوگئے ۔جستس شٹی کے سینہ ، ہاتھ اور گردن پر چاقو سے حملہ کیا گیا تھا ۔حملہ آور تیج راج شرما کو سیکورٹی اور پولیس نے فوری طورپر گرفتار کرلیا تھا اور لوک آیوکت کو پرائیویٹ اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔شرما نے الزام لگایا کہ لوک آیوکت نے 23افسران کو کلین چٹ دے دی جن کے خلاف اس نے رشوت خوری کے الزامات لگائے تھے ۔اس کا کہنا ہے کہ دفاتر کو فرنیچر کی سپلائی کی منظوری کے لئے اس سے رشوت حاصل کی گئی تھی اور اس کو دھوکہ دیا گیا تھا۔جسٹس شٹی کی اسپتال میں سرجری کی گئی اور ملیا اسپتال میں ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹرس نے ان کو مشورہ دیاتھا کہ وہ زخم کے مندمل ہونے تک آرام کریں۔شرما ،عدالتی تحویل میں ہے او راس معاملہ کی جانچ جاری ہے ۔اپنے چیمبر میں میڈیا سے با ت کرتے ہوئے جسٹس شٹی نے حملہ پر کوئی بھی اظہار خیال نہیں کیا تاہم انہوں نے کہاکہ ان کا مقصد آسانی کے ساتھ ان سے ملاقات کے لئے عوام کو اجازت دینا تھا۔